وزیراعظم عمران خان نے تمام سیاسی مصروفیات ترک کردیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جنوری 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کل کیلئے تمام سیاسی مصروفیات ترک کردیں، عمران خان کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم متاثرہ علاقوں میں تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کل آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے تمام سیاسی مصروفیات ترک کردیں۔
وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر میں متاثرہ علاقوں میں تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور بھی ہوں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ اداروں کو برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کی ہدایت کی۔!
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ آزاد جموں کشمیر میں موت اور تباہی کا پیغام لیکر آئیں۔ میں نے آزاد جموں کشمیر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی، فوج اور تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ واضح رہے آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں حالیہ برف باری، گلیشئرز اور برفانی تودوں کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 60 سے تجاوز کر گئی، درجنوں مکانات برفانی تودے تلے دبے ہوئے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، علاقے میں شدید برفباری اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، نیلم ویلی !میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سرگن ویلی کے علاقہ بکوالی ، سرگن سیری، بازار میں جاں بحق افراد کی تعداد پچاس بتائی جارہی جن میں سے چالیس سے زائد لاشیں نکال لی گئیں جبکہ کیل میں پانچ اور ڈھکی چکناڑ میں چھ ، لوات بالا میں ایک، تہجیاں بنتل میں دو ، دودھنیال صبائی میں ایک شخص جاں بحق ہوا اور اس طرح مجموعی طور پر ساٹھ سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق درجنوں مکانات برفانی تودے تلے دبے ہوئے!ہیں علاقے میں شدید برفباری اور دشوار گزارعلاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
Comments
Post a Comment